بلدیاتی نظام پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں، زرداری کا رحمان ملک کو ٹاسک
کراچی (نوائے وقت نیوز/ ایجنسیاں) سابق صدر آصف زرداری کی زیر صدارت پیپلزپرٹی سندھ کے اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، خورشید شاہ، فریال تالپور، رحمان ملک اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال، صوبے میں امن و امان اور سندھ میں بلدیاتی نظام سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر آصف زرداری نے ہدایت کی کہ بلدیاتی نظام پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں۔ اس سلسلے میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو ایک بار پھر ٹاسک دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رحمان ملک جلد ایم کیو ایم کی قیادت سے لندن میں ملاقات کریں گے۔ زرداری نے صوبائی حکومت کو پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں رحمٰن ملک نے ملک کی صورتحال، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان رابطوں پر سابق صدر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس ملاقات کے بعد بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہ وئے وفاقی و زیر داخلہ سینیٹر رحمٰن ملک نے کہا کہ طالبان کا علاج مذاکرات نہیں آپریشن ہے، جنہیں مذاکرات کی دعوت دی جا رہی ہے ان کا ٹریک ریکارڈ بدنیتی پر مبنی ہے۔ سینیٹر رحمٰن ملک نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو ناکام ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ طالبان کے خلاف آپریشن کے بغیر امن بحال نہیں ہو گا۔ حکومت اپنی توجہ دہشت گردی پر مرکوز کرے دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی تنازعات کو ہوا نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جوابی کارروائی دیر آید درست آید ہے حکومت آپریشن میں تاخیر کر کے قوم کو امتحان میں نہ ڈالے۔ بعدازاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے سنیٹر رحمان ملک سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔