پی اے سی میں خیبر پی کے کی عدم نمائندگی پر جماعت اسلامی کے شیر اکبر کا سپیکر قومی اسمبلی کو استعفیٰ، دوستوں کی مداخلت پر معاملہ ٹھنڈا
اسلام آباد(آن لائن) پبلک اکائونٹس کمیٹی میں صوبہ خیبر پی کے کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی شیر اکبر نے سپیکر قومی اسمبلی سے احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا، دوستوں کی مداخلت کے بعد استعفیٰ کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ ذرائع نے ’’ آن لائن‘‘ کو بتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں صوبہ خیبر پی کے کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے جماعت اسلامی کی پارلیمانی پارٹی شکایت کیلئے سپیکر سردار ایاز صادق کے پاس پہنچ گئی۔ جماعت اسلامی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر اکبر خان بدھ کے روز سپیکر کے چیمبر گئے اور اس معاملے پر احتجاج کیا اور کہاکہ اگرصوبہ کو پارلیمان کی انتہائی اہم کمیٹی میں نمائندگی نہیں دینی تو پھر ہم اس پارلیمنٹ میں بھی بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ سپیکر اس ہائوس کسٹوڈین ہیںاگر وہ بھی اس معاملے پر کردار ادا نہیں کرسکتے تو پھر میرا استعفیٰ قبول کریں جس پر سپیکر قومی اسمبلی خاموش رہے اور کوئی جواب نہ دیا تو شیر اکبر خان غصے میں اٹھ کھڑے ہوئے کہ بغیر خدا حافظ کہے باہر نکل آئے اس موقع پر کچھ مشترکہ دوستوں نے فوری ایکشن لیا اور شیر اکبر خان کو ٹھنڈاکیا اور کہاکہ پی اے سی میں صوبہ کی نمائندگی ضرور ہوگی اور اس کا ضرور حل نکال لیا جائیگا۔