بجلی‘ گیس کی طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ شیخوپورہ‘ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے
لاہور+ شیخوپورہ+ فیصل آباد (کامرس رپورٹر + نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہروں اور دیہات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 18 گھنٹے رہنے پر کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، لوگ سراپا احتجاج بنے رہے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شیخوپورہ، فیصل آباد، کمالیہ، جھنگ اور ساہیوال سرگودھا سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس کے دوران شدید نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ کئی شہروں میں گیس کی شدید قلت بھی برقرار رہی اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ خواتین کھانا تیار نہ کر سکیں اور لوگ بازار سے کھانا خرید کر لانے پر مجبور ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی قلت 2400 میگاواٹ جبکہ سردی بڑھنے سے لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس کی قلت بھی بڑھ گئی اور متعدد علاقوں میں صارفین کے گھروں میں گیس آنی بند ہو گئی۔ ملک میں بجلی کی قلت 2400 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ بجلی کی پیداوار 8600 میگاواٹ کے مقابلے میں اس کی طلب 11 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے امتحانات کی تیاری میں مصروف طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی شہروں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ شیخوپورہ اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی اور سوئی گیس کی شدید لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے شہریوں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے بھی بڑھ گیا ہے جس کیخلاف قیام پور فیڈر کے صارفین نے ہائوسنگ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث کئی ہوٹلوں میں لوگوں کو قطاروں میں لگ کر روٹیاں خریدنا پڑیں۔ صدر مرکزی انجمن تاجران میاں محمد پرویز نے اعلان کیا ہے کہ شیخوپورہ کیلئے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول تبدیل نہ کیا گیا تو شیخوپورہ کی تاجر برادری اس کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال کرے گی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا، شہر میں لوڈشیڈنگ کا 16جبکہ دیہات میں 18گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ صبح شام کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بندش کے باعث گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے لوگ مجبوراً ہوٹلوں سے کھانا منگوانے پر مجبور ہو گئے۔ جلالپور بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ پھر بڑھ گیا جبکہ سوئی گیس کا پریشر بھی کم پڑ گیا جس کے باعث گھریلو خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا اور لوڈشیڈنگ پر عوام سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ تمام کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ جلالپور بھٹیاں کے علاقہ میں 100کے قریب رائس ملیں اور ایک جوٹ مل بند ہونے سے 8000سے زائدمزدوروں کے گھروں میں فاقے شروع ہو گئے ہیں اور عوام سڑکوں پر نکل آئے اور محکمہ واپڈا اور حکمرانوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ علاوہ ازیں گیس کی شدید قلت کے باعث تندوروں پر روٹیاں مہنگی فروخت ہونے لگیں اور اسکی قیمت 8روپے تک پہنچ گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کر گیا جس سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی اور کاروبار بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا۔ وقفہ وقفہسے 4سے 6گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کے کاروبار ٹھپ کر کے رکھ دیا۔ اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ فیصل آباد میں لیبر قومی موومنٹ پاور لومز ورکرز ایسوسی ایشن نے فیض آباد مین گرڈ سٹیشن کے سامنے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں ایم پی اے محمد الیاس انصاری اور ظفر اقبال ناگرہ کے دفاتر کے سامنے ٹائروں کو آگ لگا کر شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے واپڈا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے دو گھنٹے تک فیض آباد مین روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بلاک کئے رکھا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق جھنگ میں لیبر قومی موومنٹ کے زیراہتمام پاور لومز مزدوروں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں اور ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف مذمتی تحریریں درج تھیں۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق کمالیہ اور گردونواح میں 20گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف لیبر قومی مو ومنٹ تحصیل کمالیہ کے صدر ملک عبدالمجید کی قیادت میں سینکڑوں مزدوروں نے پریس کلب کمالیہ کے سامنے احتجاجی دھرنے دئیے جس سے کمالیہ چیچہ وطنی، رجانہ روڈ بلا ک کر دی جس کی وجہ سے کئی گھنٹے جی ٹی روڈ بند رہا۔ ساہیوال/ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ساہیوال کے تاجروں نے شدید احتجاج کیا۔ تاجروں نے احتجاجاً فروکہ ساہیوال روڈ بند کر دی اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی۔