• news

دو جوہری طاقتوں کے درمیان پانی تنازعہ کی شکل اختیار کررہا ہے:احسن اقبال

اسلام آباد(اے پی اے)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ چند برسوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہوسکتا ہے۔کہتے ہیں دو جوہری طاقتوں کے درمیان پانی تنازعہ کی شکل اختیار کررہاہے ،پانی بحران پر قابو پانے کے لئے نئے ڈیموں کی تعمیربناناضروری ہیں۔اسلام آباد میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل اور ترقی کے لئے پانی کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ پاکستان میں صرف تیس دن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جبکہ بھارت ایک سو بیس دنوں سے زیادہ کا پانی ذخیرہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک طرف پانی کے مسئلہ پر بھارت سے تنازعات کا سامنا ہے تو دوسری طرف اندرون ملک بھی قومی اتفاق رائے نہیں پایا جاتا۔ پانی کی تقسیم پر سیاست زمینی حقائق پر حاوی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چالیس فیصد گلئیشیرآئندہ بیس سال کے دوران پگھل جائیں گے لیکن ہمارے پاس کوئی نئے آبی ذخائر نہیں ۔احسن اقبال نے کہاکہ پہلی قومی واٹر پالیسی کے لئے کانفرنس آئندہ ماہ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پانی کی تقسیم اور استعمال کے لئے قومی اور ریگولیٹری اداروں کی استعداد بھی بڑھانی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن