یوٹیلٹی سٹورز پر گھی‘ مصالحہ جات‘ آئل‘ خشک دودھ‘ ٹوتھ پیسٹ‘ شیمپو‘ سوپ وغیرہ 6 فیصد مہنگے
لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر گزشتہ روز 150 اشیاء کی قیمتوں میں 6 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ ان اشیاء میں گھی‘ یوٹیلیٹی مصالحہ جات‘ کھانے کا آئل‘ خشک دودھ‘ ٹماٹو کیچ اپ‘ ٹوتھ پیسٹ‘ شیمپو‘ واشنگ سوپ سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ 5 کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہو گیا اور اس کا ریٹ 915 روپے ‘ 2.5 کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 460 روپے ہو گیا ہے۔ ذائقہ گھی کے 5 کلو ڈبے کی قیمت میں 31 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 905 روپے ہو گیا ہے۔ 2.5 گھی کے ڈبے کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہوا۔ کشمیر کنولا آئل کے 10 لٹر کنستر کی قیمت میں 40 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 1910 روپے ہو گیا ہے۔ پاک پیور دیسی گھی کے ایک کلو پیکٹ کی قیمت میں 40 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 563 روپے ہو گیا ہے‘ جبکہ اس کے 2.5 کلو پیکٹ کے ریٹ میں 100 روپے اضافہ ہوا۔ یوٹیلیٹی مصالحہ جات میں 200 گرام سرخ مرچ پسی ہوئی کا پیکٹ 8 روپے مہنگا ہوا اور اس کا ریٹ 58 روپے ہو گیا ہے۔ پسا ہوا دھنیا کے پیکٹ کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا ہے اور اس کا ریٹ 55 روپے ہو گیا ہے۔ کالی مرچ کا پیکٹ 21 روپے اضافہ سے 78 روپے اور لونگ کے پیکٹ کی قیمت 14 روپے اضافے سے 106 روپے ہو گئی۔ 910 گرام نیڈو دودھ کے پیکٹ کی قیمت 50 روپے اضافے سے 648 روپے ہو گئی۔ ایوری ڈے خشک ملک کا 400 گرام کا پیکٹ 29 روپے اضافے سے 563 روپے اور ایک کلو کا پیکٹ 70 روپے اضافے سے 645 روپے کا ہو گیا ہے۔ مزید برآں لاہور میں گزشتہ روز پرچون سطح پر 12 سبزیوں کی قیمتوں میں 8 روپے تک اور ایک کلو مرغی کے گوشت کی قیمت میں 7 روپے اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک کلو آلو کی قیمت 3 روپے اضافے سے 24 روپے‘ ادرک چائنہ 2 روپے اضافے سے 216 روپے‘ بینگن 6 روپے اضافے سے 50 روپے‘ سبزی گوبھی 2 روپے اضافے سے 18 روپے‘ میتھی 2 روپے اضافے سے 19 روپے‘ پھول گوبھی 2 روپے اضافے سے 9 روپے‘ ٹینڈیاں 3 روپے اضافے سے 69 روپے‘ کریلے 8 روپے اضافے سے 140 روپے‘ گھیا کدو 5 روپے اضافے سے 79 روپے‘ مٹر 5 روپے اضافے سے 44 روپے اور ایک کلو ساگ کی قیمت ایک روپے اضافے سے 17 روپے ہو گئی۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کا ریٹ 228 روپے سے بڑھ کر 235 روپے ہو گیا ہے۔ مزید برآں اوپن مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 40 کلو گرام گندم کی قیمت میں 181 روپے اضافے ہوا ہے اور اس کا ریٹ 1661 روپے ہو گیا ہے‘ امکان ہے جو فلور ملیں اوپن مارکیٹ سے گندم خرید کر آٹا تیار کرتی ہیں وہ آٹے کی قیمت میں اضافہ کریں گی۔ جبکہ مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز ایک کلو چینی کی قیمت میں 40 پیسے کمی ہوئی اور اسکا ریٹ 47.8 روپے ہو گیا ہے۔