• news

پشاور: ورکشاپ میں دھماکہ‘ 6 افراد جاں بحق‘ 10 زخمی‘ 7 گاڑیاں تباہ

پشاور/ اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پشاور کے سکیم چوک کے قریب کوہاٹ روڈ پر ورکشاپ میں بم دھماکے میں 6  افراد جاں بحق، 10سے زائدزخمی ہوگئے، 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 7گاڑیا ں مکمل طورپرتباہ، متعددکو نقصان پہنچا، ورکشاپ کے قریب واقع ایک موبائل ٹاورکو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 25 سے 30کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیا، صدر ممنون حسین، وزیراعظم، وزیراعلیٰ شہباز شریف، منور حسن، الطاف حسین، عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے دھماکے کی شدید مذمت  اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو تیسرے پہر تقریباً چار بجے پشاورکے سکیم چوک کے قریب کوہاٹ روڈ پرواقع گاڑیوں کی ایک ورکشاپ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ علاقے میں دھوئیں کے بادل چھاگئے۔ پولیس ذرائع نے  7ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔   بعض ذرائع کے مطابق  9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد فوری طورپر امدادی سرگرمیاں بھی شروع کر دی گئیں اور نعشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیاگیا جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ خیزمواد ایک سفید رنگ کی کار میں نصب کیاگیا جسے مرمت کرانے کیلئے ورکشاپ لایاگیا تھا۔ ایس پی رورل رحیم شاہ کے مطابق دھماکے میں 25 سے 30کلوگرام دھماکہ خیزاد مواد استعمال کیاگیا۔ جائے وقوعہ پر ایک گڑھا بھی پڑ گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ گاڑی دو روز قبل اس ورکشاپ سے کچھ دورکوہاٹ روڈ پرکھڑی دیکھی گئی تھی۔ خیبر پی کے حکومت نے پشاور ورکشاپ دھماکے کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو، دو لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ ادھر متاثرہ ورکشاپ  کے چوکیدار فضل محمد نے کہا ہے کہ  جس گاڑی میں دھماکہ ہوا اسے ایک پولیس اہلکار لے کر آیا تھا۔ نجی ٹی وی سے بات چیت میں فضل محمد نے کہا کہ ایک پولیس اہلکار دو گاڑیاں لے کر آیا تھا جس میں سے ایک گاڑی اس کی تھی اور ایک جس میں دھماکہ ہوا وہ تھی۔ اہلکار نے متاثرہ گاڑی کا کچھ سامان نکال کر اپنی گاڑی میں ڈالنے کے لئے کہا تھا جس کے تھوڑی دیر بعد تھانے کا اے ایس آئی آیا اور اس نے پولیس اہلکار سے کہا کہ تم یہ گاڑی لے کر کیوں آئے ہو جس کے بعد وہ دونوں جھگڑتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔ دونوں کے جانے کے بعد اس گاڑی میں دھماکہ ہو گیا۔ گاڑی کراچی نمبر کی تھی۔ دوسری جانب پشاور میں پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے نصب پانچ کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا، بم ناکارہ بنانے کے دوران زوردار دھماکہ بھی ہوا۔ چارسدہ روڈ پر زیر تعمیر مفتی محمود فلائی اوور کے نیچے دہشت گردوں نے بارودی مواد نصب کیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن