ڈیفنس، سفاک میاں بیوی کا 12 سالہ ملازمہ پر وحشیانہ تشدد، شدید زخمی کر دیا
لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیفنس بی کے علاقہ میں دس گھریلو ملازمہ پر بیہمانہ تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ سفاک مالک مکان میاں بیوی نے دس ملازمہ منزہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالااور حالت غیر ہونے پراسے جنرل ہسپتال چھوڑکرد گھر کو تالے لگا کرفرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس بی کے علاقہ فیز 5کے رہائشی سکندر اور اس کی بیوی مریم نے10سالہ گھریلو ملازمہ منزہ کو چوری کے شبہ میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکے سر پر ڈنڈا مارا جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی جس کے بعد دونوں زخمی بچی کو تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری مو قع پر پہنچ گئی۔ ڈیفنس بی پولیس نے گھریلو ملازمہ منزہ کے والد کی درخواست پر مالکان میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں جبکہ سکندر اور مریم گھر کو تالے لگا کرفرار ہو گئے۔ پولیس نے رات گئے خاتون مریم کو گرفتار کر کے خواتین تھانہ ریس کورس کی حوالات میں منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملازمہ بچی منزہ چیچہ وطنی کے رہائشی محمد منشاء کی بیٹی ہے اور وہ گزشتہ چار ماہ سے ڈیفنس بی فیز 5میں واقع سکندر کی کوٹھی میںکام کاج کر رہی تھی اور اسے ماہانہ 3ہزار روپے تنخواہ ملتی تھی۔ منزہ کے والد منشاء اور والدہ نور بی بی نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ادھر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ منزہ کے مختلف ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر اصل صورتحال سامنے آئیگی۔