• news

اوگرا کیس، گیلانی اور پرویز اشرف کیخلاف آئندہ ہفتے ریفرنس دائر کیا جائے گا

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے 82 ارب روپے سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل میں اگلے ہفتے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا ایک روز قبل نیب کے ای بی ایم کے اجلاس میں اوگرا کرپشن سکینڈل میں دو الگ الگ ریفرنسز کی منظوری دی گئی تھی جس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس دائر کرنے کیلئے تیاری کی جا رہی ہے، اگلے ہفتے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔ آئی این پی کے مطابق نیب  نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے منی لانڈرنگ سکینڈل (خانانی اینڈ کالیا سکینڈل) کا ریکارڈ ایف آئی اے سے لینے کا فیصلہ کیا ہے، نیب کراچی آفس کو  پورے سکینڈل کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے،  ریکارڈ  کی مکمل چھان بین کے بعد نیب سکینڈل کی تحقیقات کرنے کا  فیصلہ کرے گا، ملزموں نے اپنی رہائی اور کیس کے خاتمے کے لئے اربوں روپے اہم حکومتی و سرکاری شخصیات کو ادا کرنے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی ، نجی کمپنی کی طرف سے اربوں ڈالر کی بیرون ملک منتقلی کے سکینڈل کی تحقیقات سابق وزیر داخلہ اے رحمان ملک کی زیر نگرانی ہوئی  مبینہ طور پر ملزموں سے ہونیوالی ڈیل میں بھی ان کا مرکزی کر دار تھا۔ ذرائع کے مطابق  خانانی اینڈ کالیا کے خلاف  2008 ء میں سابق وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمان ملک کی ہدایت پر ایف آئی اے نے اربوں ڈالر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام پر ملک گیر کریک ڈاون کرتے ہوئے ان کے دفاتر کو سیل کرا دیا تھا کمپنی ایم ڈی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا ، ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران ملزموں نے  حکومت کو متعدد پیش کش کیں  ان کے خلاف قائم مقدمات کے خاتمے پر چھ ارب ڈالر بیرون ملک سے واپس پاکستان لانے پر معاہدے کرنے کے لئے بھی کہا ،کمپنی کے مالک کی اہلیہ نے بعض حکومتی اور سرکاری عہدیداروں کو اپنے خاوند اور کمپنی کے  ڈائریکٹرز کے خلاف کیس کے خاتمے کے لئے اربوں روپے کی آفر  کی ، ذرائع نے بتایا کہ مبینہ طور پر  رحمان ملک  کے ذریعے ہونے والی خفیہ ڈیل کے بعد ملزموں کی ضمانتیں ہوئیں  تاہم ان کے خلاف کیس ختم نہ ہو سکے، ذرائع کے مطابق نیب نے اس ڈیل سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل آفس کراچی کوایف آئی اے سے سکینڈل  سے متعلقہ ریکارڈ لینے کی ہدایت کی ہے  ایف آئی اے  سکینڈل کے ریکارڈ کی تفصیلی چھان بین کے بعد تحقیقات کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن