• news

خوشاب میں پولنگ کے وقت میں توسیع، دھاندلی کیلئے کی گئی، جعلی مینڈیٹ بے نقاب کرینگے: عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کے موقع پر خوشاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ 69 کیلئے پولنگ کے وقت میں توسیع پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے دھاندلی اور نتائج میں ردوبدل کیلئے اٹھایا گیا حکومتی اقدام قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے پولنگ کے اوقات میں توسیع کو مسلم لیگ ن الیکشن کمشن کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے شکست کے خوف سے دھاندلی کا منصوبہ تیار کیا اور اعلیٰ ترین سطح پر کی گئی منصوبہ بندی کے تحت الیکشن کمشن کے ذریعے پولنگ کے اوقات میں  ایک گھنٹے کی توسیع حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا پولنگ اوقات کو دن ڈھلنے تک توسیع دی گئی تاکہ اندھیرا چھا جانے پر جعلی ووٹوں سے باکسز بھرے جائیں اور بجلی کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھا کر اپنی مرضی کے نتائج تیار کئے جائیں۔ پولنگ اوقات میں توسیع کا فیصلہ مقامی ریٹرننگ افسر کی درخواست کے بغیر کیا گیا جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے متنبہ کیا کسی صورت دھاندلی برداشت نہیں کرینگے اور جعلی مینڈیٹ کو ہر حال میں بے نقاب کر کے ملک میں جمہوریت کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن