آئی سی سی میں پاکستان کے مفاد پر سمجھوتہ نہیں کرینگے : ذکا اشرف
آئی سی سی میں پاکستان کے مفاد پر سمجھوتہ نہیں کرینگے : ذکا اشرف
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی چودھری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کے مفاد کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے جس کا آئی سی سی اجلاس میں بھی دفاع کرینگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ کرکٹ پر قبضہ کرنے کے حوالے سے بننے والے ٹرائیکا کو پاکستان کسی صورت قبول نہیں کرئے گا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کا فون آیا تھا جس میں انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس کی کبھی حمایت نہیں کرئے گا۔ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 28 اور 29 جنوری کو دبئی میں ہو رہا ہے جس میں ایک مرتبہ پھر بھارتی ہم منصب سے بات کی جائے گی جس میں پاکستان کا موقف دو ٹوک الفاظ میں پیش کیا جائے گا۔ سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان کے مفاد پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ ڈیو واٹمور جتنی دیر رہے ہیں انہوں نے پاکستان کرکٹ کی بہتر ی کی کوشش کی ہے۔ پاکستان کی روایت ہے کہ مہمان نوازی میں کسر نہیں چھوڑتا۔ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے غیر ملکی کوچز کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی ہے۔ پی سی بی نے کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین کے اعزاز میں الوداعی تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد کی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی چودھری ذکاء اشرف تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی موجود تھے۔ ڈیو واٹمور اور جیولین فاؤنٹین کو پی سی بی کی طرف سے یادگاری سوونیئرز بھی پیش کئے گئے۔