ڈاکٹر نواز شریف کے ٹوئیٹس حیران کن ہیں: بی بی سی‘وزیراعظم کا کوئی ٹوئیٹر اکائونٹ نہیں، میڈیا سیل
اسلام آباد (بی بی سی/ نیٹ نیوز) وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہونے والی چند ٹوئٹس نے مجھ کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔ @PMNawazSharif کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کی گئی کہ جو ہمارے لوگوں کو مارتا ہے وہ ہمارا دشمن ہے اور ہمیں اپنی قوم کو اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں سے کنفیوژ نہیں کرنا چاہئے۔ جب اس ٹوئٹ کرنے والے اکاؤنٹ کی تصدیق کے حوالے سے میں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی اہلکار سے رابطہ کیا تو انہوں نے ایس ایم ایس کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ’پیڈ‘ یعنی ملازم سٹاف چلاتا ہے اور یہ اکاؤنٹ اصلی ہے۔ میاں نواز شریف کی اگلی ٹوئٹ اور بھی اہم تھی۔ اس ٹوئٹ میں کہا گیا ’ہماری افواج پر حملہ پاکستان کے خلاف جنگ کا اعلان ہے اور ہم اس کا جواب دیں گے۔ ہماری بات چیت کی پالیسی کا دہشت گردوں نے غلط مطلب لیا۔ وزیراعظم کے میڈیا سیل کی جانب سے ایک ای میل کی گئی ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں ہے۔ ایک جانب مرکزی رہنما یہ بات کرتے ہیں کہ یہ اکاؤنٹ ’پیڈ سٹاف‘ (Paid Staff) چلاتا ہے تو دوسری جانب وزیراعظم سیکرٹریٹ کی یہ ای میل سرے سے بات ہی ختم کر دیتی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کون صحیح بات کر رہا ہے؟