• news

وزیراعظم دہشت گردی کیخلاف لیڈر بن کر فیصلہ کریں، حمایت کرینگے: خورشید شاہ

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہے، میاں نواز شریف کو دہشت گردی کے خلاف اب لیڈر بن کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ فوجی آپریشن سمیت حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حل کیلئے وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کو اب حتمی فیصلہ کرنا چاہئے، حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات اور مالاکنڈ میں آپریشن کے وقت ہم نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ قوم ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ دھماکے میں زخمی افراد کا کہنا ہے کہ ہمیں حکمران نہیں لیڈر چاہئے، لوگوں کے تاثرات سن کر آج سر شرم سے جھک گیا ہے۔ اب کسی جماعت کو پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر نواز شریف کو اب لیڈر بن کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ فوج ملک کی حفاظت کے لئے لڑ رہی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کے بارے میں فیصلے کا وقت آ گیا، مشکل فیصلوں سے ہی قومیں بنتی ہیں، نواز شریف کو حکمران نہیں لیڈر بننا ہو گا، قیام امن کے لئے حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔ سی ایم ایچ راولپنڈی میں بنوں اور آر اے بازار خودکش حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دہشت گردی ریاست کو تباہ کر رہی ہے، جب ریاست کمزور ہوتی ہے تو خطرناک حالات پیدا ہو جاتے ہیں۔ ہم نے جو مریضوں سے ملاقات کی جو ان کے تاثرات تھے وہ سن کر ہمارا سر شرم سے جھک گیا۔ آج لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں لیڈر چاہئے حکمران نہیں ایسا لیڈر جو دلدل سے نکالے اب نواز شریف کو دہشت گردی کے خلاف لیڈر بن کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن