سعودی عرب میں پاکستانیوں سمیت 700غیرقانونی تارکین وطن گرفتار
ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی پولیس نے کارروائی کرکے 700غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں پاکستانی، بنگلہ دیش، بھارتی، مصری، سوڈانی اور یمنی شہری شامل ہیں۔ سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ 16غیرملکی شہری مختلف جرائم میں مطلوب بھی تھے۔ گرفتاریاں ریاض کے الریان، العمل اور ثلیم کے محلوں میں ہوئیں۔ این این آئی کے مطابق سعودی عرب نے 3 ماہ میں اڑھائی لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو بیدخل کردیا۔ سعودی وزرات داخلہ کے مطابق یہ افراد غیرقانونی طور پر مقیم تھے جو لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے، ڈی پورٹ کئے جانے والے تارکین وطن میں اکثریت ایتھوپیا کے باشندوں کی ہے۔