• news

خورشید شاہ سے مذاکرات، شاہ زین بگٹی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

کشمور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشد شاہ کشمور کندھکوٹ میں بگٹی قبیلے کے لوگوں سے مذاکرات کے لئے پہنچ گئے۔ مذاکرات کے بعد بگٹی قبیلے کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے دھرنا ختم کرنے اور سندھ بلوچستان شاہراہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق سندھ بلوچستان اور پنجاب کے سنگم قومی شاہراہ ڈیرہ موڑ کے مقام پر نواب محمد اکبر خان بگٹی کے پوتے میر شاہ زین خان مری کی قیادت میں ہزاروں افراد نے دھرنا دیئے رکھا۔ دھرنے کی وجہ سے ساتویں روز بھی چاروں صوبوں کو آنے اورجانے والی ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی۔ سید خورشید احمد شاہ نے ملاقات میں شاہ زین خان بگٹی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکے آپ سندھ کے حدود میں دھرنا دیئے ہوئے ہیں جسکی وجہ سے چاروں صوبوں کو آنے اورجانے والی ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور ضلع بھر میں خوراک کا بحران پیدا ہونا شروع ہوگیا ہے آپ کی آواز اسمبلی کے ذریعے حکمرانوں تک پہنچانے میں کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا بلوچ اپنے گھروں میں ضرور آباد ہوں جو انکا بنیادی اورآئینی حق ہے۔  شاہ زین خان بگٹی نے کہا کے ہم ہر صورت بلوچستان کے  ڈیرہ بگٹی میں آباد ہوکر رہیں گے حکومت اوچھے ہتھکنڈے بند کرے۔ بلوچستان حکومت جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ میں یہاں سیاست نہیں کرنے آیا بگٹی مہاجرین پانچ دن کی مہلت دیں۔ پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت بگٹی مہاجرین کے مسائل ہرفورم پر اٹھائے گی۔ انہوں نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کے متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم کی جائیگی وزیراعظم سے بات کرکے انکے مسائل حل کرینگے۔ شاہ زین اور ان کے ساتھیوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے۔ اس طرح حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ بگٹی قبیلے کے مسائل حل کرانے کی یقین دھانی کرائی گئی۔ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے خورشید شاہ اچھے سیاستدان ہیں ان پر اعتماد ہے۔ خورشید شاہ کی یقین دہانی پر دھرنے کو کرکٹ گراؤنڈ کشمور منتقل کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن