دہشت گردی کا خطرہ، اہم شخصیات آمدورفت کا شیڈول خفیہ رکھیں وزارت داخلہ کی صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت
اسلام آباد (این این آئی) دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کے چیف سیکرٹریز کو سکیورٹی ایڈوائس جاری کردی جس میں کہا گیا کہ اہم شخصیات اپنی آمدورفت کے شیڈول کو مکمل طور پرخفیہ رکھیں اور اہم سرکاری ونجی تنصیبات اور عمارات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے۔ اہم سکولوں، کالجوں اور دفاتر میں بغیر شناخت کسی کو داخلہ کی اجازت نہ دی جائے۔ اہم علاقوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی سرویلینس بڑھا دی جائے۔ تمام اہم شخصیات کو اپنے روٹ خفیہ رکھنے کی تنبیہ کی جائے اور انکا سکیورٹی سٹاف انکے معمول کے روٹس کی نظرثانی کیا کرے۔ اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو، چاروںصوبائی دارالحکومتوں میں غیرملکی سفارتکاروں کی سکیورٹی بھی مزید سخت کرنیکی ہدایت کی گئی اور انھیں ہدایت کی گئی ہے وہ اپنی ناگزیر سرگرمیوں کے سوا حتی المقدور ’’آئوٹ ڈور‘‘ سرگرمیوں سے گریز کریں۔