• news

ملازمہ بچی منزہ کی حالت بہتر، تشدد کرنیوالی مالکہ کا ریمانڈ، شوہر نہ پکڑا جا سکا

لاہور (نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے) ڈیفنس بی میں مالک مکان سکندر اور اسکی بیوی کے مبینہ تشدد سے زخمی ہونیوالی 12 سالہ ملازمہ منزہ کی ہسپتال میں حالت بہتر بیان کی جا رہی ہے، پولیس تاحال مفرور سکندر کو گرفتار نہ کرسکی جبکہ اسکی بیوی مریم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے مریم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ انویسٹی گیشن پولیس کے حکام نے بتایا کہ سکندر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جلد اسے گرفتار کرلیا جائیگا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیفنس بی کے علاقہ فیز فائیو کے رہائشی سکندر  اور مر یم بی بی نے چیچہ وطنی کے رہائشی منشاء کی بیٹی منزہ کے گھر  3  ہزار روپے ماہوار پر گھریلو ملازمہ رکھا تھا۔ بچی کے باپ منشا نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی کو مالک مکان سکندر اور اس کی بیوی مریم نے چوری کا الزام لگا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ دریں اثنا ملزمہ مریم نے دوران حراست بتایا کہ اس نے اور اسکے شوہر سکندر نے بچی پر تشدد نہیں کیا، بچی کے والدین نے جھوٹا الزام لگا کر پھنسایا۔ بچی چند روز قبل گر گئی تھی جس کے باعث اس کے سر میں چوٹ لگی تھی ہم بے قصور ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن