• news

کامیاب مذاکرات، پنجاب کی 700 سے زائد گارمنٹس فیکٹریوں کو گیس بحال

لاہور+ فیصل آباد(آن لائن+ نمائندہ خصوصی)سوئی گیس حکام اور صنعتکاروں میں کامیاب مذاکرات کے بعد پنجاب کی 700 سے زائد گارمنٹ فیکٹریوں کو گیس بحال کر دی گئی ہے‘ فیصل آباد کے ہوزری فیکٹری مالکان کے وفد کی لاہور اور فیصل آباد میں سوئی گیس حکام سے طویل مذاکرات ہوئے جس کے بعد گیس حکام نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کی 700 سے زائد گارمنٹ فیکٹریوں کو دس روز قبل اچانک اس جواز کیساتھ گیس بند کر دی گئی تھی کہ یہ شعبہ ایکسپورٹ انڈسٹری میں شامل نہیں۔ صنعتکاروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور گورنر پنجاب اور وزیر پٹرولیم سے مذاکرات کے بعد گیس حکام اور صنعتکاروں کے مابین کامیاب مذاکرات ہوئے اور ہوزری شعبہ کو گیس بحال کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں موسم سرماکے دوران سوئی گیس کے کم پریشر اورلوڈشیڈنگ نے لوگوں کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔ صوبے میں جہاں گھریلو صارفین کو امورخانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں کمرشل صارفین اخراجات میں اضافے سے تنگ دکھائی دیتے ہیں‘پنجاب کے ہر علاقے میں شہری بجلی کے ساتھ ساتھ کم گیس پریشر اور عدم دستیابی سے دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ لاہور کی کمرشل مارکیٹوں میں کھانے پینے کی دکانوں کے مالکان کو گاہکوں کی شکایات سننے کے ساتھ ساتھ اخراجات میں اضافے کا بھی سامنا ہے۔ مزنگ، اچھرہ، سوڈیوال، مون مارکیٹ گلبرگ، ماڈل ٹائون اور علامہ اقبال ٹائون ‘سبزہ زار‘ملتان روڈمیں گیس عدم دستیابی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس دن بھر میسر نہیں ہوتی متبادل ذرائع کا استعمال اور بلوں میں اضافے نے کمر توڑ دی ہے۔ حکومت جلدازجلد بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن