کیف میں فسادات جاری، مزید دو ہلاک، سینکڑوں زخمی ہسپتال پہنچ گئے
کیف (اے پی پی) یوکرائن کے دار الحکومت کیف میں اتوار سے جاری فسادات کے دوران تقریباً160 افراد نے طبی مدد کیلئے ڈاکٹروں سے رجوع کیا۔ ان میں سے 72 افراد کو ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ۔ بلدیاتی حکا م کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں احتجاجی مظاہرے کے 25 شرکا کو فوری طبی امداد کی ضرورت پڑی جبکہ مقامی محکمہ صحت نے دو احتجاجیوں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔ مظاہرین نے اونچی باڑیں کھڑی کرکے پولیس پر تیل سے بھری بوتلیں پھینکیں اور پتھراؤ کیا۔ جواب میں پولیس ربڑ کی گولیاں اور سٹن گرینیڈز استعمال کئے۔ جھڑپوں میں دونوں فریقوں کے سینکڑوں طرفدار متاثر ہو چکے ہیں۔