3ماہ کے دوران برانچ لیس بینکنگ میں 29فیصد اضافہ
کراچی(کامرس رپورٹر)برانچ لیس بینکاری کے سودوں (ٹرانزیکشنز) میں جولائی سے ستمبر 2013ء کی سہ ماہی کی دوران 29 فیصد کی بلند نمو ہوئی اور ان کی مالیت 2کھرب 24ارب روپے تک پہنچ گئی۔ جولائی سے ستمبر 2013ء کے دوران برانچ لیس بینکاری کے 5کروڑ 19لاکھ کے سودے ہوئے جو پچھلی سہ ماہی سے 16 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ نمو اوسطاً 4315 روپے کے چھوٹی مالیت کے سودوں کی بنا پر ہے جو زیادہ تر آبادی کے اس طبقے نے انجام دیے جو بینکاری خدمات سے محروم ہے اور ملکی ترسیلات، سماجی بہبود کی ادائیگیوں جیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، وطن کارڈ وغیرہ، پنشن کی ادائیگیوں اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگیوں کے لیے استعمال ہوئے۔ برانچ لیس بینکاری کے لیے اسٹیٹ بینک کے معاون پالیسی ماحول کی بنا پر برانچ لیس بینکاری کی یہ خدمات ایجنٹ نیٹ ورک، موبائل فون، اے ٹی ایم اور پی او ایس کی شکل میں متبادل ڈلیوری چینلز پر فراہم کی جارہی ہیں۔