وزیراعظم کا فضل الرحمن کو فون اتحادیوں سے تعلقات کار پر گفتگو
اسلام آباد (ثناء نیوز) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے حکومتی اتحادی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا اور ان سے ملکی تازہ صورتحال اور قیام امن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمن کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عمرے کی مبارکباد دی۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے کابینہ میں شامل ہونیوالے وزراء کو آئندہ دو تین روز میں قلمدان سپرد کردئیے جائیں گے ان میں وفاقی وزیر اکرم خان درانی اور وزیر مملکت سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان رابطے کے دوران حکومت اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کار پربھی گفتگو ہوئی۔ آئندہ چند روز میں مولانا فضل الرحمن کی نوازشریف سے اسلام آباد میں ملاقات کا قوی امکان ہے۔ فاٹا میں قیام امن مذاکراتی عمل اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد او ر دیگر امورپر مشاورت ہوگی۔