• news

سابق آرمی چیف کو غدار کہنا غلط ہے، مشکل میں ساتھ دینے پر متحدہ کا شکریہ: احمد رضا قصوری

کراچی (نیوز ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ اور آل پاکستان مسلم لیگ میں سیاسی رابطوں کو بڑھانے، ملکی مسائل اور عوامی ایشوز پر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے ایک 6 رکنی کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس کمیٹی میں دونوں جماعتوں کے تین تین ارکان کو شامل کیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ ہفتہ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر مسلم لیگ کے رہنماؤں اور متحدہ قومی موومنٹ کے رابطہ کمیٹی کے ارکان ملاقات کے درمیان کیا گیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری ،آسیہ اسحاق ،الحاج شمیم الدین شامل تھے۔ اے پی ایم ایل کے وفد نے الطاف حسین کی رہائشگاہ پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل اور دیگر ارکان موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پرویز مشرف کے خلاف آئین 6 کے تحت کی جانیوالی کارروائی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف کا مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور انکی جماعت کا شکریہ ادا کرنے نائن زیرو آیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آنے کے بعد سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی اور وہاں گڑگڑا کر دعا مانگی کہ میرے ملک میں امن اور سلامتی ہو۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی، فرقہ وارانہ فسادات اور تونائی سمیت بہت سے بحرانوں کا سامنا ہے اور حکمران ان مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف پاک فوج کے سربراہ رہے ہیں اور انہوں نے 40 سال تک پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہاکہ انکے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، وہ کمانڈو ہونے کے باوجود بزدل اور ڈرپوک ہیں اور ملک سے بھاگ جانے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف بھگوڑے ہوتے تو وہ دوبارہ وطن واپس کیوں آتے۔ موجودہ حکومت نے غداری کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا ہے۔ یہ مقدمہ انتقامی کارروائی ہے۔ مشرف غداری کا مرتکب ہوئے ہیں تو میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر ملک کی فوج کا سربراہ غدار ہوگا تو ملک کا وفادار کون ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے، وہ محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف جب ٹھیک ہوجائیں گے تو وہ عدالت میں بھی پیش ہوں گے اور مقدمے کا سامنا بھی کریں گے۔ سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو غدار کہنا ٹھیک نہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی صرف پرویز مشرف نہیں بلکہ تمام ذمہ داروں کیخلاف کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن