سپریم کورٹ نے سزا پوری کرنیوالے 6 غیر ملکی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا
لاہور( وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے غیرملکی 6 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا،ان قیدیوں کا تعلق بھارت ،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سمیت دیگرممالک سے ہے۔سپریم کورٹ کے جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں دو رکنی نظر ثانی بورڈ نے بند کمرے میں کیس کی سماعت شروع کی تو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 32 ایسے قیدیوں کو پیش کیا جو غیرقانونی طور پر پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔وزارت داخلہ کے حکام نے اس حوالے سے قیدیوں کی تمام تفصیلات نظر ثانی بورڈ کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے 6 قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں۔نظرثانی بورڈ نے سزا پوری کرنے والے 6 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ سے دیگر قیدیوں کا تحریری ریکارڈ طلب کر لیا ۔