دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے: خفیہ اداروں کی رپورٹ
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت کو انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹس دی ہیں کہ دہشت گرد وں کیخلاف حالیہ حکومتی کارروائیوں کے بعد انکی طرف سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ، پولیس سربراہان اور اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی کو مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی سکیورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ ہفتہ کو ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹس دی ہیں کہ کالعدم تحریک طالبان مسلم لیگ (ن) کے قائدین پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وزارت داخلہ نے خفیہ رپورٹس کی روشنی میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں کو مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور اہم قائدین کی سکیورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کردی تا کہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔