• news

ملتان، نامعلوم افراد نے ڈپٹی سیکرٹری قومی اسمبلی معظم کالرو کو اغوا کرلیا

ملتان (نمائندہ خصوصی) مسلح افراد نے ملتان کے نواحی علاقے بستی سندیلہ سے قومی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری معظم کالرو کو اغوا کر لیا۔ ملزم سفید رنگ کی کار میں سوار تھے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریجنل پولیس آفیسر ملتان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ملزم مظفرگڑھ کی طرف فرار ہوئے۔ تفصیل کے مطابق نواب پور کے زمیندار معظم کالرو کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سیاسی بنیادوں پر قومی اسمبلی میں ملازمت دلوائی تھی۔ ان دنوں وہ ڈپٹی سیکرٹری قومی اسمبلی تعینات تھے۔ گزشتہ روز وہ اپنے آبائی علاقے نواب پور آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑی میں سوار ہو کر بستی سندیلہ میں اپنے آموں کے باغ میں گئے۔ اس دوران سفید رنگ کی کار میں سوار 4 مسلح افراد وہاں پر پہنچے اور معظم علی کالرو کو پکڑ کر زبردستی کار میں بٹھالیا اور فرار ہوگئے۔ باغ میں کام کرنیوالی ایک خاتون نے واقعہ رونما ہوتے دیکھا اور دیگر افراد کو اسکی اطلاع دی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ معظم علی کے موبائل فون کی لوکیشن سے معلوم ہوا کہ ملزمان عمر پور کی طرف گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مظفرگڑھ کی حدود میں داخل ہونے سے قبل ملتان پولیس نے ناکہ لگا رکھا ہے۔ ملزمان نے اس ناکے سے پہلے کار کچے راستے پر اتار لی اور دریا کے قریب پہنچ کر دوبارہ سڑک پر آگئے۔ اس طرح وہ پولیس کے ناکے سے بچ گئے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ملزمان پل کراس کر کے مظفرگڑھ کی حدود میں داخل ہوئے۔ رات گئے تک پولیس نے ملزمان کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا۔  پولیس نے نامعلوم اغوا کاروں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن