فوجی آپریشن کے نام پر معصوم لوگوں کے قتل عام سے گریز کیا جائے: دفاع پاکستان کونسل
اسلام آباد (آئی این پی) دفاع پاکستان کونسل کی سپریم کونسل نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ فوجی آپریشن کے نام پر بے گناہ اور معصوم لوگوں کے قتل عام سے گریز کیا جائے۔کونسل نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ اے پی سی کے متفقہ فیصلے کو سبوتاژ کیا گیا، وزیراعظم مذاکرات کے بارے میں قوم کو دوٹوک اور واضح صورتحال سے آگاہ کریں۔ کونسل کا ہنگامی اجلاس دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جن میں جماعت اسلامی کے منور حسن‘ ڈاکٹر کمال اور لیاقت بلوچ انصار الامہ کے مولانا فضل الرحمن خلیل‘ مسلم کانفرنس آزاد جموں کشمیر کے سردار عتیق احمد خان‘ مسلم لیگ (ض) کے محمد اعجاز الحق ایم این اے ‘ جمعیت علماء اسلام کے مولانا سید یوسف شاہ‘ مولانا سید احمد شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ جنرل حمید گل ارو دیگر قائدین کے سفر پر ہونے کی وجہ سے فون پر ان سے مشاورت کی گئی۔ کونسل نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو دہشت گردی کے نام پر بدنام کرنے اور معصوم شہریوں کی ہلاکت اور ملک کے اندر ہجرت اور دربدر کرانے کی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ اب بھی مسئلہ کا حل مذاکرات ہی میں ہے چاہے کسی بھی ذریعے سے ہوں مگر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ اجلاس میں مذاکرات کے سلسلے میں کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین جبکہ وزیراعظم کے غیرسنجیدہ روئیے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (س) کے اہم مرکزی رہنما مولانا مفتی عثمان یار خان کی قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو فوری طور پر بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کونسل نے 5 فروری کے یوم کشمیر کی مناسبت سے ہفتہ یکجہتی آزادی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمیعت علمائے اسلام (س) پاکستان کے مرکزی سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے کہنے پر طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلہ میں انتہائی نیک نیتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا تھا مگر امریکی دبائو کی شکار نوازشریف حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ہمیں مجبوراً اور احتجاجاً مذاکراتی عمل سے علیحدگی کا اعلان کرنا پڑا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی (س) پاکستان کے مرکزی رہنما پیر محمد یوسف بخاری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ یہ ملک آزادی کے ساتھ زندگیاں گزارنے کیلئے بنایا گیا تھا مگر بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے ہمیں غلامی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔