خضدار:15 نعشیں برآمد‘ پنجگور میں جھڑپ‘ 4 شدت پسند جاں بحق ‘ کوئٹہ: پولیس اہلکار قتل
کوئٹہ+ خضدار (نیوز ایجنسیاں) ضلع خضدار کے علاقہ توتک سے کھیت میں دفن 15 نعشیں برآمد کرلی گئیں جن میں سے دو نعشوں کو شناخت کیلئے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ نعشوں کی حالت انتہائی خراب ہیں اور کچھ نعشیں ناقابل شناخت ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ ضلع خضدار کے علاقے توتک میں زمین میں نامعلوم افراد کو دفن کیا ہے جن میں سے کچھ نعشوں کی ہڈیا ں نظر آرہی ہیں۔ تقریباً ایک ماہ پرانی لگتی ہے جن کی صرف ہڈیاں اور ڈھانچے ہیں، ان نعشوں کی شناخت انکے جسم پر کپڑوں سے کی جاسکتی ہے جبکہ آج مزید کھدائی کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق نعشوں کی تعداد 15 سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ یہ نعشیں کن افراد کی ہیں جبکہ مختلف قسم کی بھی چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ یہ نعشیں لاپتہ ہونیوالے یا اغوا کئے جانیوالے لوگوں کی بھی ہوسکتی ہے۔قبل ازیں پنجگور کے شمال مشرقی علاقے وشبود میں میں فرنٹیر کور بلوچستان کا سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 انتہائی مطلوب و خطرناک دہشت گرد ہلاک اور 7 کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خودساختہ یرغمالی بچے اور عورتیں بازیاب اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی کے جوان آپریشن میں مصروف تھے کہ ایک مکان میں چھپے ہوئے شرپسندوں نے اچانک جدید آتشی اسلحہ سے حملہ کردیا۔ فرنٹیئر کور اور انتہائی تربیت یافتہ شرپسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 36 گھنٹے تک جاری رہا۔ مکان میں چھپے شرپسندوں نے اپنے ہی اہلخانہ چار خواتین و آٹھ بچوں کو ڈھال بناکر فورسز کیخلاف بطور ڈھال استعمال کیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے بلوچستان کانسٹیبلری کے اے ایس آئی محمد مانک کو قتل کردیا۔ علاوہ ازیں کچلاک میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ چمن شاہراہ سے دو مارٹر گولے برآمد کرلئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔ ۔ نصیر آباد مبینہ سیاہ کاری کے دو واقعات میں فائرنگ کر کے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ قتل ہونیوالوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ مسماۃ (ب) اور اسکے مبینہ آشنا محمد عمر کو قتل کیا گیا۔ علاوہ ازیں اوستہ محمد سومرو محلہ میں بھی مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں ایک خاتون اور اسکے مبینہ آشنا کو قتل کردیا گیا۔دریں اثناء کوئٹہ میں مسجد روڈ سے مشکوک بیگ ملا جس سے پستول، گولیاں اور موبائل فون سمز برآمد ہوئیں۔ دریں اثناء کلی اسماعیل میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک درجن کے ریب مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔