• news

مشرف بزدل، فوج کی گود میں جانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں: سعد رفیق

لاہور (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف بھگوڑے اور بزدل شخص ہیں، وہ فوج کی گود میں جانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں‘ پاکستان میں عالمی میعار کی انیجوگرافی کی سہولت موجود ہے، انکو پاکستان سے ہی علاج کرانا چاہئے۔ پرویز مشرف بزدل شخص ہیں اور وہ ڈرامے بازی کر رہے ہیں‘ پرویز مشرف کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جانا چاہئے جیسا ایک عام ملزم کے ساتھ کیا جاتا ہے، حکو مت کسی بھی صورت عدالتی حکم کے بغیر پرویز مشرف کو بیرون ممالک جانے کی اجازت نہیں دیگی اور انکو ہر صورت عدالتوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔ مشرف سویلین اور ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، مشرف انوکھا لاڈلا نہیں۔ وہ خود کہتے تھے عدالتوں کا سامنا کرینگے، اب عدالتیں آزاد ہیں، انہیں کس بات کا ڈر ہے، ان کی باہر جانے کی باتیں راہ فرار اختیار کرنے کے مترادف ہے، اگر انہیں باہر بھیجا گیا تو جیلوں میں تمام دل کے مریض قیدیوں کو باہر بھیجنا پڑیگا۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے جو بات کرنا چاہے اس سے مذاکرات ہوں گے، ہم مذاکرات کے حق میں ہیں مگر خون کے پیاسوں سے بات نہیں ہوگی، نہتے عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے اور بم چلانے والوں کے سامنے ہاتھ نہیں جوڑیں گے اگر عمران خان پائوں پکڑنا چاہتے ہیں تو پکڑ لیں۔ منور حسن کا بیان واضح نہیں ہے انہیں واضح بیان میں خود کش حملے بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ حکومت اور ادارے امن چاہتے ہیں آپریشن نہیں چاہتے او ر اس حوالے سے حکومت کی حکمت عملی واضح ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں پر قانون کی رٹ ثابت کریں گے، جو بات کریگا اس سے بات کریں گے، جو بم چلائیگا اسکو بھرپور جواب دیا جائیگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ دہشتگرد بم پھاڑتے رہیں اور حکومت بیٹھی رہے، حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن