توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی مدد پر تیار ہیں: سویڈش سفیر
اسلام آباد (آن لائن) سویڈن کے سفیر ٹامس روسینڈر نے کہا ہے کہ ان کا ملک توانائی کی قلت پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان توانائی کے بحران کے حل کیلئے سویڈن کی مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سویڈن کے سفیر نے اس بات کی تعریف کی کہ پاکستان کے پاس وافر افرادی قوت، ہنرمند تاجر قدرتی وسائل اور انتظامی اہلیت ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس ایس پلس درجہ دلانے میں سویڈن نے پاکستان کی حمایت کی۔ ایک سوال کے جواب میں ٹامس روسینڈر نے بھارت کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے پاکستان کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ علاقائی تجارت سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔