بلوچستان میں بیرونی سازش ہو رہی ہے‘ دہشت گردی کیخلاف قومی پالیسی بنائی جائے: ڈاکٹر عبدالمالک
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بیرونی سازش ہو رہی ہے، انتہا پسند طاقتور ہیں وہ ریاست کے قانون کو چیلنج کر رہے ہیں، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نئی قومی پالیسی بنائی جائے۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات انتہائی ناگزیر ہیں۔ دہشت گردی بلوچستان کا مسئلہ نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک مؤقف اور پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اچھے یا برے نہیں ہوتے بلکہ وہ ریاست کے دشمن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ وہ حکمرانوں کی بات نہیں سنتے اور ریاست کے آئین کو چیلنج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت نئی قومی پالیسی بنائے اور قوم کو اعتماد میں لیکر عملدرآمد کریں۔