• news
  • image

کراچی : فائرنگ سات افراد ہلاک‘ سندھ میں ڈبل سواری پر ایک ماہ کیلئے پابندی

کراچی : فائرنگ سات افراد ہلاک‘ سندھ میں ڈبل سواری پر ایک ماہ کیلئے پابندی

کراچی (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) کراچی میں اتوار کے روز فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں ایک ماہ کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگا دی جبکہ رینجرز اور پولیس نے لانڈھی میں 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 15 کارکنوں سمیت 68 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد نے 35 سالہ تنولی جان، سائٹ میں بینک چورنگی کے قریب ارشاد جبکہ بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹائون میں عاشق حسین کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ نادرن بائی پاس اور ملیر ندی سے 2 افراد کی نعشیں ملیں جن کی شناخت نہ ہوسکی۔ صدر میں جہانگیر پارک کے قریب سے ایک بچے کی نعش ملی۔ لیاری میں شام کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ دریں اثناء کراچی پولیس اور رینجرز نے قیوم آباد اور لانڈھی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 15 کارکنوں سمیت 68 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔ ادھر سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبہ بھر میں ایک ماہ کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگا دی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ پابندی صوبے کی صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی جس کا اطلاق اتوار اور پیر کی رات 12 بجے سے ہو گا تاہم بزرگ خواتین، بچے اور صحافی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔ انہوں نے کہا کراچی میں آپریشن کے ردعمل میں دہشت گردوں نے ہماری فورسز کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ گزشتہ رات بھی دہشت گردی کے واقعہ میں موٹر سائیکل استعمال ہوئی جس پر دہشت گرد ڈبل سواری کر رہے تھے اسلئے فی الحال ایک ماہ کیلئے پابندی لگا رہے ہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندی جلد بھی ختم کی جاسکتی ہے۔ ادھر پولیس افسروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات نے کہا ہفتہ کے روز کراچی میں 7 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا گیا، حملوں کے باوجود پولیس کا مورال کم نہیں ہوگا۔ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی میں فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، جلد حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پیرول پر رہا ہونیوالے بعض خطرناک ملزم بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں، انکی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پولیس میں 500 ریٹائرڈ فوجیوں کو بھرتی کر لیا گیا ہے۔ 600 مزید اہلکار جلد شامل کرلئے جائینگے۔ ایڈیشنل آئی جی نے لانڈھی فائرنگ دھماکہ کے ملزموں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ جاں بحق اہلکاروں کے ورثاء کو 20 لاکھ روپے فی کس امداد دی جائیگی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن