توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہے ہیں‘ لاہور میں جلد انوسٹمنٹ کانفرنس ہو گی : شہباز شریف
توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہے ہیں‘ لاہور میں جلد انوسٹمنٹ کانفرنس ہو گی : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران نے پاکستان کی معیشت سمیت زندگی کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ صنعتوںکا پہیہ رواں دواں رکھنے اور معاشی و صنعتی سرگرمیوںکو فروغ دینے کیلئے توانائی کی کمی کے مسئلہ سے جلد ازجلد چھٹکارا چاہتے ہیں۔ توانائی، توانائی اور صرف توانائی کا حصول ہماری ترجیح ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہے ہیں۔ مختلف ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور صوبائی دارالحکومت میں توانائی کے حوالے سے سرمایہ کاری کانفرنس بھی منعقد کی جائیگی۔ ہماری کاوشوں کی بدولت ملکی اورغیر ملکی توانائی کمپنیاں اور سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چین کی کمپنی کے توانائی اور کوئلے کی کان کنی میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے چین کی معروف کمپنی چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران توانائی اور کوئلے کی کان کنی میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دے رہی ہے، توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کا م کر رہے ہیں، اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت کوئلے سے660 میگاواٹ کے 2 پاور پلانٹ خود لگا رہی ہے۔ چین کی کمپنی اگر ان منصوبوں میں تعاون کاجائزہ لے تو ہمیں خوشی ہوگی، پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کے لئے 6 مقامات کی نشاندہی کرلی ہے اوریہاں پاور پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو شفاف طریقے سے برق رفتاری سے مکمل کیا جائیگا۔ کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگانا ہماری ترجیح ہے۔ پنجاب میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں اورہم بجلی کے منصوبوں کیلئے مقامی کوئلے کے ذخائرکو استعمال میں لانا چاہتے ہیں تاہم فی الوقت درآمدی کوئلے سے پاور پلانٹ لگائے جائیں گے، کوئلے کی کان کنی میں چین کی کمپنی کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ کوئلے کی کان کنی کے ذریعے روزگار کے بھی نئے مواقع پیداہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے حکام اور چین کی کمپنی کے عہدیدار توانائی اور کان کنی کے شعبہ میں تعاون کے حوالے سے قابل عمل روڈ میپ وضع کریں۔ انہوںنے کہاکہ چین کی کمپنیوں کے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک سے دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ چین کی کمپنی چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل لی کان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم توانائی اورکان کنی کے شعبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری کمپنی پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں توانائی کے مختلف منصوبوں پرکام کرچکی ہے۔ ہماری کمپنی کو توانائی کے علاوہ کان کنی میں بھی مہارت حاصل ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج قائم کئے جائیں گے۔ نئی یونیورسٹی کے قیام پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا جبکہ کیڈٹ کالج کے قیام کا منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا۔ جنوبی پنجاب اور رحیم یار خان کے عوام نے عام انتخابات میں ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس پر ہم انکے شکرگزار ہیں اور انکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد جناح میونسپل سٹیڈیم میں پاکستان آرمی کے زیراہتمام دوسرے نشان حیدر کبڈی ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ تقریب میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی، صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔ شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کبڈی کے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی اور اس حوالے پیش کی جانیوالے قابل عمل اور ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائیگا۔ کبڈی کے کھیل کو اس کی بھرپور سپورٹس مین سپرٹ کی وجہ سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کھیلوں کی ترقی اور صادق آباد جناح سٹٹیڈیم کی ترقی کیلئے حکومت پنجاب ہر قسم کی مالی اور انتظامی امداد فراہم کریگی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے مسلم لیگ کے بزرگ رہنما اور بانی پاکستان قائداعظمؒ کے دست راست اور ساتھی اکرم خان خٹک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائیں اور سوگوار خاندان کو صبر و جمیل دے۔