پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ دورحکومت کی بھرتیوں کی فہرستیں اور کوائف طلب
اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ دورحکومت میں مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی کئے جانے والے افراد کی فہرستیں اور کوائف طلب کر لئے ہیں تاکہ اس امر کا جائزہ لیا جا سکے کہ ان تقرریوں میں قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیںیا نہیں اور اگر قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے تو ان افراد کو نوکریوں سے فارغ بھی کیا جا سکتا ہے۔ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے مختلف سرکاری محکموں اور ڈویژن میں سرپلس ملازمین، ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران اور سابق دور میں بھرتی کئے جانے والے ملازمین کی تفصیلات مانگ لی ہیں اور فہرستیں اکٹھی ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابقہ دور حکومت میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کی تفصیلات حکومت نے طلب کرلی ہے اور اس حوالے سے وزارت ہائوسنگ کوبھی خط لکھا ہے کہ فہرست کابینہ ڈویژن کو مہیا کریں اور وزارت کابینہ ایک جامع رپورٹ بنا کر کابینہ کو بھیج دے گی جس کے بعد ان کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔