طالبان کیخلاف ٹارگٹڈ کے بجائے مکمل آپریشن ہونا چاہئے: حاجی عدیل
طالبان کیخلاف ٹارگٹڈ کے بجائے مکمل آپریشن ہونا چاہئے: حاجی عدیل
پشاور / اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے عبوری صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل نے طالبان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کی بجائے مکمل آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے حکومت عوام میں کنفیوژن پھیلانے کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے کا دو ٹوک فیصلہ کرے‘ ڈرون حملے ملکی خودمختاری پر کاری ضرب ہیں تاہم حالیہ کمی سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ اور دہشت گردوں کو حرکت کرنے میں آسانی ہوگئی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا حکومت طالبان سے مذاکرات یا ان کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کرنے میں مکمل طور پر کنفیوژ ہے جس سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کئی ماہ قبل تمام اپوزیشن و حکومتی اتحادی جماعتوں نے حکومت کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا تاہم حکومت نے مینڈیٹ کے برعکس مذاکرات کی بجائے کنفیوژن میں اتنا عرصہ گزار دیا جس سے ملک میں شدت پسند اور دہشت گرد عناصر مضبوط ہوئے۔