• news

طالبان، الطاف کی سوچ ایک جیسی ہے، ایم کیو ایم پر پابندی لگائی جائے:آفاق احمد

طالبان، الطاف کی سوچ ایک جیسی ہے، ایم کیو ایم پر پابندی لگائی جائے:آفاق احمد

کراچی  (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے طالبان اور دیگر دہشت گرد جماعتوں کی طرح متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی عائد کی جائے۔ طالبان اور الطاف حسین کی سوچ ایک جیسی ہے اور وہ دونوں دہشت گردی میں ملوث ہیں، لانڈھی میں ہونے والے حملے میں متحدہ قومی موومنٹ براہ راست ملوث ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو متحدہ کی دہشت گردی کو مدنظر رکھتے ہوئے باریک بینی سے چھان بین کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر یریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا  متحدہ نے شہر کو مقبوضہ علاقہ بنادیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ 1992ء سے الطاف حسین نے طالبانائزیشن کی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی لگاکر دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ کراچی میں دہشت گردی میں ملوث جو افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ انہوںنے اعتراف کیا ہے ان کی ٹریننگ پڑوسی ملک میں ہوئی ہے۔ آفاق احمد نے کہا الطاف حسین نے ٹونی بلیئر کو خط لکھ کر پاکستان اور افغانستان میں جاسوسی کی پیشکش کی۔ اس پر ان کے خلاف آرٹیکل 6نافذ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں معصوم لوگوں کے قتل عام میں دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی ذمے دار ہیں جس انداز میں کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے اگر یہ 10سال بھی جاری رہا تو اس کے نتائج برآمد نہیںہوسکتے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کا آپریشن سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ لانڈھی میں جس علاقے میںدہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے اس سڑک سے ایم کیو ایم کی مرضی کے بغیر کوئی سیاسی جماعت کا فرد بھی نہیں گزرسکتا۔ آفاق احمد نے کہا  ہر قتل کی ذمہ داری طالبان پر ڈالنا جائز نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا متحدہ کی جانب سے محکمہ پولیس میں بھرتی کئے جانیوالے جرائم پیشہ عناصر کو بھی فارغ کرنے کے انتظامات کئے جائیں کیونکہ یہی کالی بھیڑیں پولیس کاروائیوں کی اطلاعات دہشت گردوں تک پہنچاتی ہیں۔ اشتیاق عرف سلمان عرف پولیس والا نام کے متحدہ ٹارگٹ کلرز کی جے آئی ٹی رپورٹ بھی ناقابل تردید ثبوت کی صورت میں موجود ہے اسکے علاوہ اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ پولیس کی گاڑیاں اہلکاروں کے رشتہ دار اور گھر والے بھی استعمال کرتے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن