پارلیمنٹ مردہ گھوڑوں کا اصطبل ہے، ذمہ داری کا احساس دلانے کیلئے عوام ارکان اسمبلی کے گریبان پکڑ کر گھسیٹیں: شیخ رشید
پارلیمنٹ مردہ گھوڑوں کا اصطبل ہے، ذمہ داری کا احساس دلانے کیلئے عوام ارکان اسمبلی کے گریبان پکڑ کر گھسیٹیں: شیخ رشید
لاہور (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ مردہ گھوڑوں کا اصطبل ہے ، میں تنہا جمہوریت کے منتخب قبرستان میں اذان دے رہا ہوں ، عوام کو میرے سمیت تمام ارکان اسمبلی کے گریبان پکڑ کر گھسیٹنا چاہئے تاکہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو سکے۔ ، قومی اداروں کے سربراہان کی تعیناتی میں دلہن وہ جو پیا من بھائے کی پالیسی اپناتے ہوئے معیار کی بجائے وفاداری کو ترجیح دی گئی ہے، بیڈ گورننس میں پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ چکا ہے ۔ ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کی کابینہ میں موجود آٹھ وزیر اور سو کے قریب اراکین پرویز مشرف کے ساتھی رہے ہیں، حدیبیہ پیپر ملز کا کیس لڑنے والوں کو اٹارنی جنرل لگادیا گیا ہے۔ میں نوازشریف سے کہہ چکا ہوں کہ آپ ہمیشہ اپنی اکثریت کے وزن سے گھر گئے ہیں اگر میں اپوزیشن لیڈر ہوتا تو پھر دیکھتا اپوزیشن کیسے حکومت کو ہر معاملے میں ’’ساتھ‘‘ ہیںکے تعاون کی یقین دہانی کراتی۔ انہوں نے کہا کہ میرے علاقے میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو اس لئے مکمل نہیں کیا جا رہا کہ وہاں عوام نے (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دیا۔