کوئلے سے بجلی کا منصوبہ ملک اور پنجاب میں خوشحالی کا انقلاب لائیگا: شہباز شریف
لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے پر عملدرآمد سے نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی لانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ منصوبہ پاکستان اور پنجاب میں خوشحالی کا انقلاب لائے گا۔ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے قومی اہمیت کے اس منصوبے کے تحت صوبے میں6مقامات پر پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ساہیوال میں کوئلے سے 660 میگاواٹ کے2 پاور پلانٹس خود لگا رہی ہے۔ قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کرکے انہیں تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیگا تاکہ قوم کو جلدازجلد بجلی کے بحران سے نجات دلائی جا سکے۔ وہ کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی کے پلانٹس لگانے کی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے اور ان پاور پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ معیشت کی مضبوطی، زراعت، صنعت، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے لئے بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ حکومت بجلی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔ توانائی کے بحران کا جلد خاتمہ ہماری ترجیح ہے اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت ساہیوال میں اپنے وسائل سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے 660 میگا واٹ کے دو پاور پلانٹس خود لگا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ کول پاور پلانٹس کے منصوبے میں کوئی رکاوٹ یا خلل برداشت نہیں کروں گا۔ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو شفاف طریقے سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ منصوبوں میں تاخیر کسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دی جائیں گی۔ توانائی کے سرمایہ کاروں کے لئے لاہور میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ چین،خلیجی ریاستوں اور دیگر ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے۔ اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لا کر توانائی بحران پر قابو پانے میں ضرور کامیاب ہوںگے۔ وزیراعلیٰ نے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے کمیٹی اور سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس اور روڈ شوز کو کامیاب بنانے کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے تیاری کی جائے۔ دریں اثنا شہباز شریف سے قطر کے شاہی خاندان کے ممبر شیخ عبدالرحمن بن جاسم بن عبدالعزیز الثانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پنجاب میں لائیوسٹاک فارمنگ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہائوس قائم کیا گیا ہے جس سے گوشت کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو لائیوسٹاک فارمنگ میں سرمایہ کاری پر خصوصی سہولتیں دیں گے۔ شیخ عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا پنجاب میں لائیوسٹاک فارمنگ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔