• news
  • image

آئی سی سی پر قبضے کا مذموم بھارتی منصوبہ…’’ٹرائیکا‘‘ کیخلاف پاکستانی شائقین کرکٹ کا شدید احتجاج‘ مظاہرے

آئی سی سی پر قبضے کا مذموم بھارتی منصوبہ…’’ٹرائیکا‘‘ کیخلاف پاکستانی شائقین کرکٹ کا شدید احتجاج‘ مظاہرے

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش کے خلاف لبرٹی چوک لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شائقین نے آئی سی سی پر قبضے اور پاکستان کو عالمی کرکٹ سے تنہا کرنے کی سازش تیار کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شائقین کرکٹ نے کہا کہ گزشتہ5 برس سے کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں آرہی جس کا پاکستان کرکٹ نقصان برداشت کر رہی ہے اور اب آئی سی سی بھارتی بورڈ کے ہاتھوں یرغمال بن کر پاکستان کو تنہا کرنے کی سازشیں کررہا ہے جس سے ملکی کرکٹ کو شدید نقصان پہنچے گا۔ آئی سی سی اجلاس میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔  آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کااجلاس آج منگل28اور 29جنوری کو دبئی میں ہوگا جس میں بھارت ٗ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی اجارہ داری کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئیں گے ٗ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ سربراہوں کے درمیان ملاقات متوقع ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے دوران  بھارت ٗ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی اجارہ داری کے حوالے سے دوسرے ممالک کے ارکان ممالک اپنے تحفظات کا اظہار کرینگے اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین چوہدری ذکا اشرف اور سر ی نواسن کے درمیان ملاقات ہوسکتی ہے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ سیریز کے بارے میں بات چیت ہوسکتی ہے۔ ذکا ء اشرف کے مطابق وہ بھارتی بورڈ کے سربراہ سے ملاقات میں اپنے ٹھوس موقف کا اعادہ کریں گے ۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن