ہنگو: دستی بم کے دھماکے میں جاں بحق 6 بچے سپردخاک، متاثرہ خاندان کیلئے 20لاکھ روپے امدادکا اعلان
ہنگو: دستی بم کے دھماکے میں جاں بحق 6 بچے سپردخاک، متاثرہ خاندان کیلئے 20لاکھ روپے امدادکا اعلان
پشاور (ثناء نیوز) خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے ہنگو سٹی کے علاقہ بابر میلہ میں گھر کے باہر کھلونا دستی بم کے دھماکے میں ایک ہی گھر کے 6 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اور صوبائی حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندان کیلئے20لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ متاثرہ خاندان کو دی جانے والی یہ رقم شہدا پیکج کے علاوہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی زندگیاں چھیننے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبائی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن کی بحالی کیلئے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی اور سماج دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ادھر بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے 3 بھائیوں انکی بہن اور 2 کزنوں کو گذشتہ روز سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ ہنگو کے علاقے بابر میلہ میں ادا کی گئیں۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ہر آنکھ اشکبار تھی۔