اخراجات کم کرنیکے اعلان کے باوجود وزیراعلی سیکرٹریٹ کیلئے دوسری مرتبہ سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری
اخراجات کم کرنیکے اعلان کے باوجود وزیراعلی سیکرٹریٹ کیلئے دوسری مرتبہ سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری
لاہور (معین اظہر سے) وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے اپنے سیکرٹریٹ کے اخراجات کو 30 فیصد کم کرنے کے اعلان کے باوجود وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو موجودہ مالی سال میں دوسری بار سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی جارہی ہے اس سے قبل بھی نومبر میں وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو 2 کروڑ 55 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی تھی اب دوسری مرتبہ پھر وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو سپلیمنٹری گرانٹ 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے لئے 25 کروڑ 98 لاکھ روپے رکھے گئے تھے جبکہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے تقریبا 41 کروڑ روپے خر چ کئے تھے جس پر وزیر اعلی پنجاب نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اخراجات کو 30 فیصد کم کرکے 19 کروڑ 99 لاکھ، 40 ہزار روپے کی رقم رکھی تھی جس پر بجٹ کے بعد وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں تقریباً 80 فالتو آسامیاں ختم کرنے کے بعد وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے نے ہدایات جاری کی تھیں۔ نومبر میں وزیراعلی سیکرٹریٹ نے پٹرول، گفٹ اور دیگر مدوں میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے مانگے تھے جس کے لئے دسمبر کے پہلے ہفتہ میں یہ گرانٹ جاری کر دی گئی۔ دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی طرف سے ایک لیٹر جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کئے جائیں جو سپلمنٹری گرانٹ کی صورت میں ہوں۔ اس سے چند دن پہلے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں موجود بلٹ پروف گاڑی کی ونڈ سکرین ٹوٹنے پر بھی تقریبا 12 لاکھ روپے محکمہ خزانہ نے دئیے تھے جس پر سیکرٹری خزانہ پنجاب نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے اس لیٹر پر اعتراض لگایا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب نے پابندی عائد کی ہے کہ 30 لاکھ سے زیادہ سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری ان سے لی جائے جس پر وزیراعلی کو سمری بھجوائی گئی تاہم سیکرٹری خزانہ نے اب اس کی منظوری دے دی ہے اور وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی جارہی ہے۔ جو ایک دو روز میں جاری ہو جائے گی۔ اس سپلیمنٹری گرانٹ کے جاری ہونے کے بعد وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو اب تک پانچ کروڑ 35 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ کا بجٹ جو 25 کروڑ سے 30 فیصد کم کیا گیا تھا مالی سال کے 7 ماہ میں ہی وہ دوبارہ 25 کروڑ تک کے فنڈز لے چکا ہے۔