ججز نظربندی کیس : مشرف پھر پیش نہ ہوئے‘ ایک دن کیلئے حاضری سے استثنی‘ ضامن ہر پیشی پر آئیں : خصوصی عدالت
ججز نظربندی کیس : مشرف پھر پیش نہ ہوئے‘ ایک دن کیلئے حاضری سے استثنی‘ ضامن ہر پیشی پر آئیں : خصوصی عدالت
اسلام آباد(نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ججز نظر بندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پیش کر دی گئی جس کی وجہ سے عدالت نے ملزم کوایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیدیا، عدالت نے ملزم پرویز مشرف اور ضامنوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم پرویز مشرف کے کونسل الیاس صدیقی، پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش اور مشرف کے دونوں ضامنوں سمیت دیگر عدالت میں موجود تھے، ملزم پرویز مشرف کے کونسل الیاس صدیقی نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی اور کہا ضامنوں کو فارغ کر دیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے یہی اصل لوگ ہیں جو ملزم کے بارے میں بتائیں گے، ملزم کو پیش کرنے کے ضامن پابند ہیں آپ صرف وکیل ہیں۔ عدالت نے مذکورہ حکم دیتے ہوئے سماعت دس فروری تک ملتوی کر دی۔این این آئی کے مطابق پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے کہا پرویز مشرف عارضہ دل میں مبتلا ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔ ثناء نیوز کے مطابق دوران سماعت سابق صدر پرویز مشرف عدالت پیش نہ ہوسکے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق علالت کے باعث پرویز مشرف کی حاضری ممکن نہیں، پرویز مشرف کی فوری انجیوگرافی ضروری ہے جبکہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے سابق صدر کی بائیں بڑی شریان بری طرح متاثر ہے اور پرویز مشرف کو کسی بھی وقت جان لیوا ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے،پرویز مشرف کو ڈاکٹرز کی زیر نگرانی رکھنا ضروری ہے۔سابق صدر پرویز مشرف کے ضامن راشد قریشی اور مشتاق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔بی بی سی کے مطابق مقدمے کے سرکاری وکیل عامر ندیم تابش کا کہنا ہے کسی مقدمے میں ایک ہی ملزم ہو تو ضابطہ فوجداری کے تحت انہیں عدالت میں پیشی سے استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا۔ سابق صدر کے وکیل نے اس مقدمے میں ان کے دو ضامنوں کو بھی مستقل طور پر عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دینے کے لئے درخواست دی جسے عدالت نے یہ کہہ کر مسترد کردیا جب تک ملزم پرویز مشرف خود عدالت میں پیش نہیں ہوتے اس وقت تک ضامن عدالت میں پیش ہوتے رہیں گے۔