سود سے پاک قرض سکیمیں آرہی ہیں، ایک لاکھ نئے ٹیکس دہندگان لائینگے: وقفہ سوالات
سود سے پاک قرض سکیمیں آرہی ہیں، ایک لاکھ نئے ٹیکس دہندگان لائینگے: وقفہ سوالات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزارت خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ حکومت ملنے کے بعد 503 ملین روپے سرکلر ڈ یٹ لینا پڑا جبکہ 3بلین ڈالر آئی ایم ایف کے ادا کرنا پڑے۔کولیشن سپورٹ فنڈ سے صرف 3سو ملین ڈالر ملے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا اس سال 250 بلین روپے بینکوں سے نجی شعبے کو قرضہ کے طور پر دئیے گئے۔ یوتھ لونز میں بینکوں کا پیسہ ہے۔ گڈانی پاور پراجیکٹ غیر ملکی کمپنی لگائے گی۔ موجودہ حکومت کے دور میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا یو ایس ایڈ‘ یونسیف‘ جے آئی سی اے کے سال 2012-13ء میں 211.67 ملین ڈالر کی رقم امداد کے طور پر موصول ہوئی۔2008ء سے اب تک ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں کمی سے ایک ارب 90کروڑ روپے قرض کا بوجھ بڑھا‘ وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا ملک میں سائبر کرائمز میں اضافہ کی وجہ مناسب قانون سازی کی عدم دستیابی ہے۔ پی ای سی پی کا مسودہ تیار کرلیا گیا۔ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے موٹر وہیکل رجسٹریشن غیر منقولہ جائیداد‘ تعلیمی اداروں کی فیس‘ یوٹیلٹی بلز کے اعداد و شمار لئے جارہے ہیں۔ ایک لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو نیٹ میں لایا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا موجودہ چیئرمین نادرا نے 8 غیر ملکی دورے کئے جن پر 52لاکھ روپے‘ سابق چیئرمین نے 12غیر ملکی کو دورے کئے جن پر 28لاکھ 96ہزار روپے اخراجات آئے۔ کراچی لاہور موٹر وے کے ایک بڑے منصوبے پر غور کیا جارہا ہے۔ 5سال کے دوران نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے پولیس کے علاوہ 12افراد کو پلاٹ دئیے جن کا تعلق پولیس سے نہیں ہے۔ان میں بریگیڈئر ترجمان ضیائ‘ راشد محمود‘ تنویر مظفر‘ طارق حسین‘ محمد خالد مسعود‘ داؤد احمد‘ وارد نقوی‘ برہان علی‘ صیف احمد‘ سید غضنفر عباس جیلانی‘ خواجہ صدیق اکبر‘ راجہ محمد عباس شامل ہیں۔ ثناء نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کو بتایا گیا امریکہ نے کیری لوگر بل کے تحت گذشتہ چار سال میں تین ارب اسی کروڑ ڈالر ادا کئے ہیں۔ یہ وقفہ سوالات کے دوران خزانے کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل نے کہا مستقبل قریب میں وزیراعظم قرضہ حسنہ سکیم کے عنوان سے سود سے پاک سکیمیں شروع کی جائیں گی۔ آئی این پی کے مطابق حکومت نے قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی امریکی امداد کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا نہیں کیا جائے گا‘ حکومت کی پالیسی ایڈ نہیں ٹریڈ ہے‘ کسی کو حق نہیں امداد کو داخلی پالیسیوں سے مشروط کرے‘ وزیر خزانہ کے اقدامات سے ڈالر 111 روپے سے 105 روپے پر آگیا جس سے حکومت 149 ارب کے نقصان سے بچ گئی۔ وقفہ سوالات کے دوران احسن اقبال‘ رانا محمد افضل اور پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے ارکان کے سوالوں کے جواب دئیے۔ این این آئی کے مطابق رکن قومی اسمبلی لال چند کے سوال پر وزیر داخلہ و ا نسداد منشیات نے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا گذشتہ پانچ برسوں میں بھارت جانیوالے 17 ہزار 8 سو 24 پاکستانی ویزوں کی معیاد ختم ہونے کے باوجود پاکستان واپس نہیں لوٹے۔ وزارت داخلہ نے پاکستان کے مختلف شہروں میں رہائش پذیر غیر قانونی تارکین وطن کی اصل تعداد سے لاعلمی کا اعتراف کیا۔