مظفرآباد: ایل او سی پر تجارت بحال کرنے کیلئے مذاکرات، اگلا دور جمعرات کو ہو گا
مظفرآباد: ایل او سی پر تجارت بحال کرنے کیلئے مذاکرات، اگلا دور جمعرات کو ہو گا
مظفر آباد+ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ایل او سی پر پاکستان، بھارت تجارت بحال کرنے کیلئے مذاکرات ہوئے۔ ایل او سی پر پاکستان بھارت تجارت 11 روز سے بند ہے۔ آزاد کشمیر کے 3 رکنی وفد نے مقبوضہ کشمیر کے وفد سے مذاکرات کئے۔ تجارت بحال کرنے کیلئے مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو ہوگا۔ علاوہ ازیں بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان پھنسے ہوئے 76 مال بردار ٹرک گیارہویں روز بھی آر پار نہ ہوسکے ۔ پیر کے روز چلنے والی سرینگر مظفر آباد بس سروس دوسرے ہفتے بھی معطل رہی، 55 مسافر آر پار پھنس گئے۔ آج منگل کے روز ہونے والی دوطرفہ تجارت بھی معطل رہے گی۔ گیارہ روز سے دوطرفہ تجارت کے بند ہونے کی وجہ سے آر پار تاجروں کے کروڑروں روپے پھنس گئے ہیں جبکہ دونوں اطراف کے تاجروں کا روزانہ لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں بھارت نے کہا ہے کہ وہ منشیات سمگلنگ کی کوشش میں گرفتار پاکستانی ڈرائیورز کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ دونوں ممالک کے وزراء خارجہ معاملے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور تنازعہ جلد نمٹا دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ سید اکبر الدین نے ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی میں پاکستان کے انچارج ہائی کمشنر کو سرینگر مظفرآباد اور راولا کوٹ بس سروس معطل کرنے پر وزارت خارجہ طلب کیا اوراس بارے میں ان سے وضاحت لی گئی۔