سینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی اراضی پر قبضہ، سپیشل کمیٹی نے آج آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا
اسلام آباد (ثناء نیوز) سینٹ سیکرٹریٹ کی ایمپلائز کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس کی ملی بھگت سے صفدر نامی بندے نے سینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی 70 کنال زمین پر نہ صرف غیر قانونی قبضہ کر لیا بلکہ سوسائٹی کے چوکیدار کو تھانے میں بند بھی کرا دیا جس پر سینٹ کی سپیشل کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو آج منگل پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا۔ سینٹ کی سپیشل کمیٹی برائے ایمپلائزکواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا اجلاس کنویئنر کمیٹی سینٹر سردار فتح محمد محمد حسنی کی زیر صدرات پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ جس میں سینٹرز کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی اور طلحہ محمود کے علاوہ ڈی سی اسلام آباد سرکل رجسٹرار، سوسائٹی مینجمنٹ اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں سینٹ سوسائٹی کی موجودہ صورتحال، سی ڈی اے سے لے آؤٹ اور این او سی کے معاملات اور سوسائٹی کے متعلق بکنگ کے لئے فضل ربی انٹر پرائزز کی طرف سے جاری ہونے والے اشتہار کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر سی ڈی اے سے سفارش کی کہ سوسائٹی کو اُسی لے آؤٹ کے مطابق 679 کنال زمین کے لئے این او سی جاری کر دیں اور مزید ترقیاتی کاموں کے لئے سوسائٹی کے لئے 60 فٹ اپروچ زمین کی شرط شامل کر لیں تاکہ سوسائٹی کے ترقیاتی کام شروع ہو سکیں اور ملازمین کا سوسائٹی پر اعتماد بحال ہوسکے۔ سینٹر طلحہ محمود نے کہا کہ سی ڈی اے نے نے غیر قانونی طور پر 3192 پلاٹس مختلف من پسند لوگوں کو الاٹ کر دیئے ہیں اور اس کرپشن کی مالیت کھربوں روپے ہے مگر اس ادارے سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔