• news

دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں‘ تمام اکائیوں کی ترقی سے ہی ملک خوشحال ہو گا: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اسی وقت خوشحال ہو گا جب اس کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی، ہمارے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں اور ہم سب نے روکھی سوکھی مل بانٹ کر کھانی ہے۔ پنجاب کے عوام کے دل اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہوں نے بلوچ زلزلہ متاثرین بہن بھائیوں کی دل کھول کر امداد کی اور اپنا فرض نبھایا۔ وہ بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات رانا ثناء اللہ‘چیئرمین سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی خواجہ احمد حسان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہبازشریف نے بلوچستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو قدرت نے بیش بہا وسائل سے نوازا ہے اور بلوچستان کے عوام جفاکش اور محنتی ہیں۔ حکومت پنجاب بلوچستان حکومت کے مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہے جن میں تعلیم اور صحت کے شعبے بھی شامل ہیں۔ پنجاب کے عوام نے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے دل کھول کر امداد کی اور وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں 50کروڑ روپے دیئے اور کروڑوں روپے مالیت کی امدادی اشیاء بھی بھجوائیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات پنجاب کی مختلف درسگاہوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ہم نے ترکی کے تعاون سے لاہور کو خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنایا ہے اور یہی مہارت اور تجربہ کوئٹہ کو صاف ستھرا بنانے کے لئے بھی استعمال کریں گے۔ کوئٹہ کو لاہور کی طرح صاف ستھرا شہر بنانے کے لئے جو بھی فنی تعاون درکار ہو گا فراہم کریں گے۔ بلوچستان کے وفد کی پنجاب بالخصوص لاہور آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ لاہور ان کا اپنا گھر ہے۔ بلوچستان کے وزیربلدیات سردار مصطفی خان ترین نے کہا کہ انہیں لاہور آمد پر جو پیار اور محبت ملی ہے اسے کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ بلوچ عوام اپنے پنجاب کے بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے زلزلہ میں ان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم متاثرین کی امداد کے لئے سب سے پہلے پہنچی۔ ہم نے پنجاب کا نظام دیکھا ہے جو ہمیں پسند آیا ہے۔ شہبازشریف جو کام کر رہے ہیں یقینا یہی کام قومی یکجہتی اور ملک کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔ اگر شہبازشریف جیسے لوگ ہر جگہ موجود ہوں تو ملک وقوم اور آگے نکل سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گذشتہ روز سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پْرعزم ہے۔ توانائی بحران اور انتہاپسندی کا خاتمہ کرکے ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں اور پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔ عوام کی بے لوث خدمت اور ان کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن