مذاکرات پر چار ماہ قبل اتفاق رائے ہوا، وزیراعظم تاخیر کے ذمہ دار ہیں: حمید گل
لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ر حمید گل نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں تاخیر کی ذمہ داری وزیراعظم نواز شریف پر عائد ہوتی ہے۔ 4 ماہ قبل طالبان سے مذاکرات کیلئے اتفاق رائے ہو گیا تھا مگر میاں نواز شریف مذاکرات میں تاخیر کرتے رہے اور اسی دوران بھارت اور امریکی آشیرباد سے کام کرنیوالے ’’بدمعاش گروپوں‘‘ نے فوج پر حملے شروع کر دیئے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ جب طالبان مذاکرات کیلئے تیار ہیں تو حکومت کیوں مذاکرات سے گریز کر رہی ہے، غلط فہمیاں تبھی ختم ہونگی جب مل بیٹھیں گے اور بات چیت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ’’لوگ‘‘ مذاکرات کیلئے کوششیں کر رہے ہیں لہٰذا اشتعال انگیز بیانات پر توجہ نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان پیدا ہونیوالے فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ طالبان سے فاصلے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ فاٹا کے علاقہ سے غیرملکیوں کو نکالنا چاہئے۔ مولوی نذیر، حافظ گل بہادر نے غیرملکیوں کو نکالا تھا، آج اسی لئے امریکہ چاہتا ہے کہ مولوی نذیر اور حافظ گل بہادر کو ملیامیٹ کر دے۔ امریکہ ہماری فوج کو مغربی سرحد پر پھنسانا چاہتا ہے۔