• news

ترکی سے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون مستحکم کرنا چاہتے ہیں: صدر

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں  میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے پْرعزم ہے اور حکومت صوبے کی خود کفالت و پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ایکِن اوزترک  اور گورنر بلوچستان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔ صدر نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے ساتھ دوستانہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کے فروغ سمیت سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔ اس سے پہلے صدر نے ایوان صدر میں ایک پْروقار تقریب میں جنرل ایکِن اوزترک کو نشان امتیاز ملٹری دیا۔ پاک فِضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ، سیکرٹری اطلاعات ونشریات ڈاکٹر نذیر سعید اور دیگر حکام  بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ ترکی کی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں ترک فضائیہ کے سربراہ نے صدر ممنون حسین سے ملاقات بھی کی۔ علاوہ ازیںصدر ممنون حسین سے گورنر بلوچستان محمود خان اچکزئی نے بھی ملاقات کی اور صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر ممنون حسین اور گورنر بلوچستان محمود خان اچکزائی کے درمیان ایوانِ صدر میںہونے والی ملاقات میں گورنر بلوچستان نے صدرِکو صوبے کی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں ترقی کیلئے پرعزم ہے اور حکومت صوبے کے خودکفیل ہونے اور اسکی اپنی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ صدر نے سانحہ مستونگ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔ دریں اثناء ترک فضائیہ کے ایک وفد نے کمانڈر ترک فضائیہ، جنرل ایکن اوزترک کی سربراہی میں گذشتہ روز ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے استقبال کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیںگارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل ایکن نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر ہیڈ کوارٹرز میں  یاد گارِ شہداء  پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے انکے آفس میں ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن