مالی سال کی پہلی ششماہی‘ پاکستان کوبھارت کے ساتھ تجارت میں 52 کروڑ‘ 97 لاکھ‘ 88 ہزار ڈالر کا خسارہ
لاہور (احسن صدیق) پاکستان کو بھارت کے ساتھ باہمی تجارت کے نتیجے میں رواں مالی سال 2013-14ء میں جولائی سے دسمبر کے دوران 52 کروڑ 97 لاکھ 88 ہزار ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا۔ وفاقی وزارت تجارت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران بھارت سے تجارت کے نتیجے میں پہنچنے والا تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال 2012-13ء میں اتنی مدت کے دوران پہنچنے والے 50 کروڑ 36 لاکھ 43 ہزار ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں 2 کروڑ 61 لاکھ 45 ہزار ڈالر زائد ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پاکستان نے بھارت کو 19 کروڑ 91 لاکھ 45 ہزار 2 سو ڈالر کی اشیا ایکسپورٹ اور اتنی ہی مدت کے دوران بھارت سے 72 کروڑ 12 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔اقتصادی ماہرین نے بھارت کے ساتھ تجارت کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے تجارت بڑھانے کے حوالے سے حکومت محتاط رویہ اختیار کرے۔ مسئلہ کشمیر‘ آبی تنازعات سمیت دیگر تنازعات کے حل تک بھارت سے تجارت میں ہرگز اضافہ نہ کیا جائے۔ بھارت کے بجائے چین سے تجارت بڑھانی چاہئے کیونکہ وہاں ہماری افرادی قوت کی بھی کھپت ہو سکتی ہے۔ اس طرح ایران اور ترکی کے ساتھ تجارتی روابط میں مزید اضافہ کیا جائے۔