مسلم لیگ (ن) کی حکومت ڈالروں کی پروا نہ کرتے ہوئے قومی فیصلے کرے: عمران
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ وفاقی حکومت طالبان کے خلا ف آپریشن سے پہلے پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں لے ،لال مسجد آپریشن سے حکومت کو سبق سیکھنا چاہئے ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت امریکہ کی غلامی کر رہی ہے، امریکی ڈالروں کو آقاسمجھتی ہے، افغانستان سے نکلنے کیلئے امریکہ پاکستان کو استعمال کررہا ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان مشکل دورسے گزر رہا ہے، وفاقی حکومت نے امن کیلئے اے پی سی کے متفقہ فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ وفاقی حکومت کوطالبان کیخلاف آپریشن کرنے کیلئے پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے، آپریشن دہشتگردی کا حل نہیں ہے ،لال مسجد آپریشن سے حکومت کو سبق سیکھنا چاہئے۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ طالبان کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں روزانہ ملتی ہیں لیکن پولیوکے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے صف اول کاکردارادا کروں گا۔ وفاقی حکومت امریکہ کے سامنے خوفزدہ ہے، ڈالروں کی پرواہ نہ کرے پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے قومی فیصلے کرے۔ وفاقی حکومت نے طالبان کیخلاف آپریشن شروع کیا تو پاکستان شدید مشکل میں پھنس جائیگا۔ مولانا فضل الرحمن نے آجکل صرف لباس پر سیاست کرنی شروع کردی ہے۔