• news

بگٹی مہاجرین کے دھرنے کو گیارہ روز مکمل، ادویات کی عدم دستیابی، امراض میں اضافہ

کشمور (آئی این پی) شاہ زین خان بگٹی کی قیادت میں ڈیرہ بگٹی جانیوالے قافلے کے شرکاء کا منگل کو 11ویں روز سندھ بلوچستان سرحد پر دھرنا جاری رہا، قافلے میں شامل پانچ ہزارسے زائد افراد خواتین بچوں میں شدید سردی کے باعث اسہال، نزلہ زکام، کھانسی، بخار، فلو، قے، ملیریا اور دیگر بیماریاں پھیل گئیں، سندھ حکومت نے قافلے کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں کیا، قافلے کے شرکاء کو فراہم کردہ غیرمعیاری کھانے کیوجہ سے زیادہ لوگ بیمار ہورہے ہیں۔ قافلے کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے صحافیوں کو بتایا کے تین روز بعد اپنا لائحہ عمل دیں گے ابھی تک بلوچستان حکومت نے رابطہ نہیں کیا ہے ہم پاکستان میں ہرطرح کی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں بگٹی قبیلہ خود دہشتگردی کا شکار ہے بلوچستان کے اندر دوسرے ملکوں کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بگٹی قبیلہ امن پسند قبیلہ ہے اور اپنے آبائی علاقوں میں آباد ہونا چاہتا ہے مگر بلوچستان کی بے اختیار حکومت وفاقی حکومت کے اشاروں پر ناچ رہی ہے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بے اختیار ہیں ورنہ وہ گیارہ روز سے احتجاجی مظاہرین سے بات کرنے کیلئے پہنچتے۔ انہوں نے مزید کہا کے ہماری پرامن جنگ جاری رہے گی اور حقوق کی خاطر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن