سال کے آخر تک گیس بحران پر قابو پا لیں گے، انتہاپسندی بھی ختم کرینگے: خرم دستگیر
ملتان (اے پی اے) وفاقی وزیر تجارت و صنعت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سال کے آخر تک ہم گیس کے بحران پر بھی قابو پا لیںگے اور انتہا پسندی کا خاتمہ بھی کرلیں گے، حکومت ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ کرکے ملکی معیشت کو مستحکم بنانا چاہتی ہے، عوام کو چاہئے کہ وہ دونوں کاموں کیلئے حکومت سے تعاون کریں، یہ بات انہوں نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانا چاہتی ہے اور وزیراعظم میاں نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس ٹی پلس ملا ہے، یورپی یونین کی جانب سے یہ طویل المدتی تجارتی مراعاتیں جو قانونی طریقے سے ہم نے حاصل کی ہیں، اس سے ہم اگلے دس سال تک فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اس سے نا صرف ٹیکسٹائل بلکہ دیگر شعبوں میں بھی بہتری آئے گی، پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افراد کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دوبارہ تجارت شروع کر رہے ہیں، جس پر ہم نے عوام کی رائے مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جنوبی پنجاب کیلئے خصوصی مراعات دینے کو تیار ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہاں بھی خوشحالی آئے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی میں اقرباء پروری کی وجہ سے بڑے بڑے اداروں میں نااہل لوگوں کو تعینات کیا گیا، مگر اب ہم میرٹ کی بنیادوں پر تعیناتی کریں گے اور ہم سٹیٹ لائف کارپوریشن میں چیئرمین کا عارضی تقرر کرسکتے ہیں۔